مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد میں ترک سفارت خانے کا تعزیتی دورہ کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ترکیہ کے سفارت خانے کا تعزیتی دورہ کیا اور اس دوران ترک حکام سے تباہ کن زلزلے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے تعاون کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان ایک خاندان کی طرح ہیں، ہم اس دکھ اور مشکل کی گھڑی میں ترکیہ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے ترک حکام پر زور دیا کہ وہ وہ ترکیہ میں ہونے والی تباہی سے متعلق تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر فراہم کریں تاکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اس سے متعلق ضروری اقدامات کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے 2005 کے زلزلے، 2010 کے سیلاب اور 2022 میں آنے والی سیلابی تباہی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس کو ہم کبھی بھلا نہیں سکتے اور ترکیہ کے لوگوں کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکیہ کے لوگوں پر مشکل کی گھڑی ہے جس میں ہزاروں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اس لیے پاکستان بحیثیت برادر ملک اپنی بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی بحالی تک ترک بھائیوں کی معاونت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ترک بھائیوں کی بھرپور مدد اور ان کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں کا اعادہ کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زلزلے سے ہونے والی تباہی کے موقع پر اور اس دکھ کی گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آپ کا تبصرہ